جموں6؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) جموں کشمیر کے راجوری ضلع میں کنٹرول لائن سے ملحقہ رہائشی علاقوں اور پیشگی چوکیوں پر پاکستان کے جوانوں نے مارٹر بم داغے جس میں ایک شخص اور اس کی بیٹی زخمی ہو گئی ۔ حکام نے بتایا کہ واقعہ کل شام نوشیرا سیکٹر میں پیش آیا ۔پاکستانی جوانوں نے چھوٹے اور خو دکار ہتھیاروں سے بھی فائرنگ کی۔ انہوں نے سیر اور کادلی علاقوں میں ہندوستانی فوج کی پیشگی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ ایک گھرپر 120 ملی میٹر کا مارٹر کا گولا پھٹ گیا جس وہاں رہنے والے باپ اور بیٹی زخمی ہوگئے ان کو طبی امداد کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ پاکستانی فوج نے منگل کو پونچھ میں کنٹرول لائن پر کرشنا وادی سیکٹر میں پیشگی چوکیوں پر مارٹر بم داغے تھے جس سے فوج کا ایک جوان مارا گیا جبکہ ایک لیفٹیننٹ اور جونیئر حکام سمیت چار دیگر افراد زخمی ہو گئے تھے ۔ گولاباری کی وجہ سرحد پار سے ہفتے میں چار دن(منگل سے جمعہ) ہونے والا کاروبار متاثر نہیں ہو اہے ۔ اس سال کنٹرول لائن پر پاکستانی گولہ باری میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 27 ہو گئی ہے ۔